آج ہم آپکو روزانہ ایک ہی وقت سونے اور جاگنے کا حیرت انگیز فائدہ بتائیں گے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سونے جاگنے کا مخصوص وقت نہ ہونے سے دماغی تنزلی کا خطرہ بڑھتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ جن افراد کے سونے اور جاگنے کا وقت طے نہیں ہوتا، ان میں دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا خطرہ بہت زیادہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں 88 ہزار سے زائد افراد کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 62 سال تھی۔
ان افراد کی صحت کا جائزہ اوسطاً 7 سال لیا گیا جس دوران انہیں 7 دن کے لیے ٹریکر پہنایا گیا تاکہ سونے اور جاگنے کے معمولات کا تعین ہوسکے۔
سونے اور جاگنے کے اوقات کے مطابق انہیں مختلف اسکور دیے گئے، جیسے روزانہ ایک ہی وقت سونے اور جاگنے والوں کو 100 پوائنٹس دیے گئے جبکہ روزانہ مختلف وقت پر سونے اور جاگنے والوں کو صفر پوائنٹ دیا گیا۔
اس کے بعد یہ دیکھا گیا کہ 7 سال کے دوران کتنے افراد میں ڈیمینشیا کی تشخیص ہوئی۔
اس عرصے میں مجموعی طور پر 480 افراد اس بیماری کے شکار ہوئے۔
محققین نے بتایا کہ نیند کے معمولات اور ڈیمینشیا کے خطرے میں تعلق موجود ہے، ایسے افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ سب سے زیادہ ہوتا ہے جن کے سونے اور جاگنے کا کوئی معمول نہیں ہوتا۔
درحقیقت ایسے افراد میں ڈیمینشیا کا خطرہ 53 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ آپ کو ایک ہی وقت سونے اور جاگنے کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ ڈیمینشیا جیسے مرض سے بچ سکیں۔




















