نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے صوبائی انتظامیہ کو بلوچستان کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان میں نگران حکومت کی زیر سربراہی انتظامی پیشرفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کو نگران حکومت کے دور میں لیے گئے مختلف اقدامات پر پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بلوچستان کے آبی ذخائر، گھروں کی تعمیر، معدنیات، مواصلات، قانون و انصاف، ماہی گیری اور دیگر شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ اجلاس میں وزیراعظم کو 2022 کے سیلاب کے بعد صوبے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
اجلاس میں وزیراعظم کو صوبہ بلوچستان میں کان کنی کو باقاعدہ شعبہ کا درجہ دینے کی پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس کیہ صدارت کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو بلوچستان میں ترسیل آب کی مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ کو بلوچستان کے تمام علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
انوار الحق کاکڑ نے اجلاس میں ملک کے نظام نقل و حمل کو بہتر بنانے اور گاڑیوں کے لیے سیفٹی سرٹیفکیٹس کے اجراء کا نظام قائم کرنے کی ہدایت کی جبکہ نگران وزیراعظم نے صوبے میں گزشتہ سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی اور ان کے گھروں کی تعمیر نو کے عمل کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عوام کا مستقبل صوبے میں کان کنی اور معدنیات کے شعبے میں قومی اور بین الاقوامی سرمایہ کاری سے منسلک ہے، گاڑیوں کے لائسنس کے اجراء اور تصدیق کے لیے ایک مؤثر ڈیٹا بیس تشکیل دیا جائے۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ملکی ساحلوں پر غیر قانونی ماہی گیری روکنے کے لیے ایک خصوصی پیٹرولنگ فورس تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہ گوادر میں غیر قانونی ٹرالروں کی آمدورفت روکنے کے لیے مقامی لوگوں پر مشتمل ایک موثر پیٹرولنگ فورس تشکیل دی جائے۔



















