چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ ملک کا سیاسی و معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے سندھ سے امیدواروں کو فائنل کرنے کیلئے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں ق لیگ سندھ کے عہدیداروں نے شرکت کی اور پارٹی امیدواروں کو فائنل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔
سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے الیکشن سے فرار کی تمام سازشیں دم توڑ گئیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملک کا سیاسی اور معاشی مستقبل عام انتخابات سے وابستہ ہے، آزاد، منصفانہ اور قابل اعتماد انتخابات انتہائی ضروری ہیں جن میں تمام سیاسی جماعتوں کو حصہ لینے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر اور سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ انتخابات میں بھرپور حصہ لیکر عوام کی نمائندہ جماعت بن کر عوام کی ترجمانی کرے گی، عوام کو اپنے مستقبل کے لیے روایتی سیاستدانوں کے بجائے شعور کو ووٹ دینا ہوگا۔



















