ملک احمد خان نے کہا ہےکہ ملک کی معیشت اور ملک کی ڈوبتی کشتی صرف میاں نواز شریف ہی پار لگا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر رہنما ملک احمد خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں شہباز شریف ہماری اور عوام کی دعوت پر این اے 132 قصور سے الیکشن لڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی مشاورت سے میاں شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں جبکہ آج ہم قومی اسمبلی کے حلقہ 132 سے شہباز شریف ، پی پی 78 سے ملک احمد سعید خاں ، پی پی 179 سے اپنے( ملک احمد خان) اور 180 سے ملک مظہر رشید کے کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں۔
ملک احمد خان نے یہ بھی کہا کہ قصور کی ترقی کے لئے میاں شہباز شریف کو الیکشن لڑوا رہے ہیں، ملک کی معیشت اور ملک کی ڈوبتی کشتی صرف میاں نواز شریف ہی پار لگا سکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر رہنما ملک احمد خان نے مزید کہا کہ عدلیہ درست معنوں میں آزاد ہے اور آج کے فیصلے بھی ماضی سے قانون کے مطابق ہیں، میاں نواز شریف ہی پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہیں، پارٹی کے فیصلے کا ہر کوئی پابند ہے۔



















