وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونی کیشن نے ریکارڈ مدت میں ایپلیکیشن بنا کر حج آپریشن کو ڈیجیٹلائزڈ کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف، وزیر مذہبی امور انیق احمد نے موبائل ایپلیکیشن کا اجرا کیا۔
نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی تیار کردہ موبائل ایپ کے ذریعے عازمین حج کیلئے تمام معلومات با آسانی دستیاب ہوں گی۔
نگران وزیر آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ہدایت کے مطابق ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، عازمین حج کیلئے پاک حج ایپلیکیشن کا اجرا اسی سلسلے کا اہم سنگ میل ہے، عازمین حج کی درخواست، مناسک حج کی ادائیگی، واپسی تک تمام معلومات ایپ میں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایپ میں حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، سعودی عرب میں رہائش کے معاملات شامل ہیں، عازمین حج ایپ کے ذریعے رقم کی ادائیگی، دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشن سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔
وزیرمذہبی امور انیق احمد نے اس موقع پر کہا کہ وزارت (IT) اور اس کے ماتحت ادارے NITB کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حج آپریشنز سے متعلق موجودہ نظام کے اپ گریڈیشن میں ایپلی کیشن ایک اہم قدم ہے، ایپ سے حکام کو کسی بھی شکایت کا جواب دینے اور عازمین کے حقیقی تاثرات جاننے میں مدد ملے گی۔



















