ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز ہے، تاہم جس کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے حلقہ این اے 130 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ مریم نواز نے دو قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر کاغذات جمع کروائے۔
اس کے علاوہ مریم اورنگزیب کے بھی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے ہیں، تاہم صدر استحکام پاکستان پارٹی عبد العلیم خان نے بھی این اے 119 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
لاہور سے قومی اسمبلی کی نشستوں پر دو سے زائد کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر تین سو سے زائد کاغذات نامزدگی جمع کرادیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات 2024 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری روز ہے، تاہم عام انتخابات 2024 میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار آج بھی کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کروا رہے ہیں۔
چار روز سے جاری اس عمل کے دوران ملک نامور سیاستدانوں سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور آزاد امیدوارں کی بڑی تعداد کاغذات نامزدگی حاصل کر چکی ہے اور ان میں سے کئی نے جمع بھی کرا دیے ہیں۔
22 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے وقت میں 2 دن کا اضافہ کر دیا تھا، کاغذات نامزدگی اب 24 دسمبر تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے نظر ثانی شدہ انتخابی شیڈول بھی جاری کیاتھا جس میں بتایا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 25 سے 30 دسمبر تک کریں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتیں مخصوص نشستوں کے لیے ترجیحی فہرستیں 24 دسمبر تک ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کروائیں، انتخابی شیڈول میں شامل دیگر سرگرمیاں اپنی مقرر کردہ تاریخوں پر ہوں گی۔
بعدازاں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی پراعتراضات 3 جنوری تک دائر کیے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کےخلاف اپیلیں 10 جنوری تک سنی جائیں گی، امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری 2024 کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے پولنگ 8 فروری کو ہوگی۔



















