چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری تین حلقوں سے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، بلاول بھٹو نے لاہور سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ضلع لاڑکانہ اور ضلع قمبر شہداد کوٹ سے الیکشن لڑیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے این اے 194 (لاڑکانہ – 1) اور این اے 196 (قمبر شہداد کوٹ – 1) کے لئے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ آصف علی زرداری نے نوابشاہ حلقہ این اے 207 سے کاغذات سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پیپلزپارٹی کے ندیم افضل چن نے حلقہ این 82 اور 86سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ پیپلزپارٹی کے نوابزادہ افتخار نے این اے 176سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
پیپلزپارٹی کے سید نوید قمر نے حلقہ این اے 221 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، سید خورشید شاہ نے قومی اسمبلی کی نشست این اے 201 کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جبکہ پیپلزپارٹی کے فیصل کریم کنڈی نے این اے 44 سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پاکستان میں عام انتخابات کے لیے آٹھ فروری 2024 کی تاریخ کا اعلان کیا ہے جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی وصولی کا وقت بھی ختم ہوچکا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
عام انتخابات کے لئے ہزاروں امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے، انتخابات کے دوسرے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل شروع ہوگیا جو30 دسمبر تک جاری رہے گا۔
ملک بھر میں عام انتخابات کیلئے 28 ہزار 626 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں جبکہ قومی اسمبلی کی جنرل نشستوں کیلئے 7242 مرد اور 471 خواتین امیداروں نے کاغذات جمع کرائے ہیں۔



















