خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ہم موجودہ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 147ویں یوم پیدائش پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ قائد اعظم سے محبت کا تقاضہ یہ ہے کہ حقیقت کو اُس کی اصل شکل میں تسلیم کرتے ہوئے پاکستان کو قائد کے نظریے کے مطابق بنانے کیلئے عملی جدوجہد کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اجداد ایک نظریے پر اپنا سب کچھ لُٹا کر قائد اعظم کے پاکستان آئے تھے لیکن بدقسمتی سے ہمیں بھٹو کے پاکستان میں دھکیل دیا گیا، ہم موجودہ پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے جہاں کسی شہری کو لسانی اور مذہبی بنیادوں پر زیادتی کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ایسا پاکستان جہاں فرقہ واریت کے آگ میں نسلوں کو نہ جلایا جائے، جہاں جاگیردارانہ جمہوریت کے بجائے جمہوریت اپنی اصل روح کے مطابق قائم ہوسکے۔
کنوینر ایم کیوایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ایسا پاکستان جہاں سفارش کلچر کی جگہ میرٹ اور انصاف کا نظام ہو، جہاں غیر مسلموں کی عبادت گاہوں کو آگ نہ لگائی جائے اور انسانیت کو زندہ نہ جلایا جائے۔



















