Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان مسلم لیگ ن کی انتخابی تیاریوں کا سلسلہ جاری

پاکستان مسلم لیگ اپنے انتخابی امیدواروں کو ٹکٹیں دینے کی حتمی تجاویز پر غور کا عمل آج سے دوبارہ شروع کرے گی۔

چار دن کے وقفے کے بعد مسلم لیگ ن کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں کا سلسلہ آج دوبارہ شروع ہوگا۔ آج پارلیمانی بورڈ کا 16واں اجلاس ہوگا جس لاہورڈویژن کے تین اضلاع قصور، شیخوپورہ اور ننکانہ صاحب سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کے انٹرویوز کئے جائیں گے۔

اسلام آباد کی قومی اسمبلی کی نشستوں اورصوبہ خیبرپختونخوا کے کچھ اضلاع سے ٹکٹ کی خواہشمند امیدواروں کے بھی آج ہی انٹرویوزکیےجائیں گے۔ ضلع قصورسے قومی اسمبلی کے 4 اور صوبائی اسمبلی کے 10 حلقوں کے امیدواروں کے انٹرویو ہوں گے۔ ضلع شیخوپورہ سے قومی اسمبلی کے 4 اور صوبائی اسمبلی کے 9 حلقوں کے امیدواروں کے انٹرویوز بھی ہوں گے.

ضلع ننکانہ صاحب سے قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں کے امیدواروں کے انٹرویو ہوں گے، اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی 3 نشستوں پرامیدواروں کے انٹرویوز بھی آج ہی ہوں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف تمام لیگی امیدواروں سے ملاقاتیں کر کے ان کے انٹرویوز کریں گے۔

پارلیمانی بورڈ کا 16واں اجلاس آج پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت قائد نواز شریف اور پارٹی صدرشہباز شریف مشترکہ طور پر کرینگے۔ اجلاس میں چیف آرگنائزر مریم نواز اور مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، مسلم لیگ ن صوبہ خیبر پختونخوا کے صدر امیر مقام سمیت دیگر سینئر رہنما شریک ہوں گے۔ چیئرمین الیکشن سیل سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے

آج کے اجلاس میں لاہور کے ڈویژنل کوآرڈینیٹر خواجہ سعد رفیق، اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر محسن شاہنواز رانجھا سمیت مرکزی، صوبائی و ضلعی عہدیداروں سمیت دیگر اعلی عہدیداروں کی امیدواروں بارے سفارشات پرغورکیا جائے گا۔

اس سے پہلے پارلیمانی بورڈ سرگودھا، راولپنڈی، ملتان، ساہیوال، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور ڈیرہ غازی خان ڈویژنز کے علاوہ صوبہ بلوچستان، صوبہ سندھ اور صوبہ خیبر پختونخوا کے مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژنز کے انتخابی امیدواروں سمیت خواتین و اقلیتوں کے لئے مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے ناموں پر غور کر چکا ہے۔

متعلقہ خبریں