کابینہ ڈویژن نے نگران وزیراعظم کے مشیربرائے اسٹیبلشمنٹ احد چیمہ کو برطرف کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم شہبازشریف کا مشیر رہنے کی بنا پر احد چیمہ کو ہٹانے کی ہدایت کی تھی جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے احد چیمہ کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اورعدالت کو بتایا کہ احدچیمہ کوعہدے سےہٹانے کانوٹیفیکشن رات کو ہوگیا جس پرچیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ یعنی احد چیمہ کوعہدے سے ہٹانے پرعمل درآمد ہوگیا۔
سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے بتایا کہ آئی جی اور ڈی سی کے معاملے پر بھی پیشرفت ہوئی ہے، وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے واقعات پرآئی بی کی رپورٹ جاری کی، اسلام آباد میں امن و امان کے حوالے سے بھی رپورٹ ہے، الیکشن کمیشن ان دونوں افسران سے متعلق فیصلے پرنظرثانی کرے۔
سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ نے مؤقف اپنایا کہ وزارت داخلہ نے کہا ہے ان دونوں افسران کو برقراررکھا جائے، وزیراعظم نے دونوں افسران کے متبادل کیلئے ہدایت دی ہے، الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ نے کہا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ کوہم دیکھ لیں گے، آپ کل تک دونوں عہدوں کے لیے پینل دیکھیں۔



















