آج ہم آپکو رات گئے تک جاگنے کی عادت کا بڑا نقصان بتائیں گے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد میں خون کی شریانیں اکڑنے کا خطرہ صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں نمایاں حد تک زیادہ ہوتا ہے جبکہ خون کی شریانیں اکڑنے سے ہارٹ اٹیک یا فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
اس تحقیق میں 50 سے 64 سال کی عمر کے 771 افراد کو شامل کیا گیا تھا اور ان کی نیند کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد میں خون کی شریانیں اکڑنے کا خطرہ صبح جلد جاگنے والوں کے مقابلے میں 90 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
تحقیق کے مطابق شواہد سے عندیہ ملتا ہے کہ رات گئے جاگنے والے افراد کی جسمانی گھڑی ہی ان کے خلاف کام کرتی ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی جسم قدرتی طور پر صبح جلد سونے اور شام کو جلد جاگنے کا عادی ہوتا ہے مگر رات گئے تک جاگنے سے ہائی بلڈ پریشر اور جسمانی ورم کا خطرہ بڑھتا ہے۔
ان دونوں سے خون کی شریانوں کو نقصان پہنچتا ہے اور وہ اکڑنے لگتی ہیں جبکہ ان میں چربیلا مواد جمع ہونے لگتا ہے۔
چربیلا مواد جمع ہونے سے خون گاڑھا ہوتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ بڑھتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ رات گئے تک جاگنے اور خون کی شریانیں اکڑنے کے درمیان ممکنہ تعلق موجود ہے، عام طور پر رات گئے تک جاگنے کے عادی افراد صحت کے لیے نقصان دہ عادات کو اپنا لیتے ہیں جیسے ناقص غذا کا استعمال کرتے ہیں جس سے بھی شریانیں اکڑنے کا خطرہ بڑھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر آپ رات گئے تک جاگنے کے عادی ہیں تو صحت کے لیے مفید عادات جیسے اچھی غذا، ورزش اور مناسب نیند کو اپنائیں۔




















