Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، نگران وزیراعظم

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نےکہا ہے کہ ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت خیبر  پختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی،فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت  محدود وسائل کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔

نگران وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہیں، ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے صوبہ خیبر پختونخوا کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو  یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ نگران حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن کا فائدہ ملک و قوم اور آئندہ آنے والی منتخب حکومت کو ہوگا۔

اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی ، نگران وفاقی وزیر قانون و آبی وسائل احمد عرفان اسلم ، نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ ، نگران صوبائی وزیر خزانہ احمد رسول بنگش، نگران صوبائی وزیر برائے نئے ضم شدہ اضلاع عامر عبداللہ ، چئیر مین ایف بی آر ، چئیر مین واپڈا اور  متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ خبریں