نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ آئی ٹی کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت اسپشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا پانچواں اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے حوالے مختلف امور زیر بحث آئے۔
اجلاس نے اسپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کی بجٹ فنانس ، آڈٹ اور ٹیکنیکل کمیٹیوں کی تشکیل نو کی منظوری دی جبکہ اجلاس نے اتھارٹی کی لائسنسنگ فریم ورک ، اتھارٹی پروسیجرز اور فیس ریگولیشنز کے مسودات کو ٹیکنیکل کمیٹی کے سامنے پیش کرنے کی منظوری بھی دی۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ آئی ٹی کا شعبہ ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے،پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کرنے کی بہت استعداد ہے۔
انوار الحق نے ہدایت کی کہ پاکستان میں آئی ٹی کی ترقی اور ترویج کے لئے دنیا بھر سے آئی ٹی ایکسپرٹس کو پاکستان کی طرف راغب کر نے کے لئے ضروری پالیسز بنائی جائیں۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ حکومت آئی ٹی کے شعبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اس حوالے سے مثبت پیش رفت بھی ہوئی ہے۔
اجلاس میں وفاقی سیکریٹریز کابینہ ، خزانہ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سائینس اینڈ ٹیکنالوجی، چاروں صوبوں کے چیف سیکریٹریز اور دیگر بورڈ ممبران نے شرکت کی۔



















