Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پوری قوم عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھتی ہے ،شہباز شریف

سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پوری قوم عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی آمد آمد ہے،ہار جیت اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، کوشش اور محنت کرنا ہمارا بنیادی فرض ہے، پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، ترقی وخوشحالی کےسفرمیں سب کوساتھ لیکر چلیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ سندھ سے بڑی تعداد میں دوستوں نے ن لیگ میں شمولیت اختیار کی، پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے اختیار پر حملے کے مترادف ہے، الیکشن کمیشن کا بلے کا نشان نہ دینا حقیقت پر مبنی فیصلہ تھا، ایک صوبے کی ہائیکورٹ کیسے پاکستان بھر کا فیصلہ دے سکتی ہے؟ یہ ایک حساس معاملہ ہے ،عوام اس کا جواب چاہیں گے۔

شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ انتخابات کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، عدلیہ سے انصاف پر مبنی فیصلوں کی توقع کرتے ہیں جبکہ پوری قوم عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاڈلےکو 4 سال دیئے گئے اور ملک کو تباہ کردیا گیا، دوست ممالک سے 4سال کے دوران تعلقات خراب ہوئے، ایسا محسوس ہوتا ہے ترازو کو لاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے۔

شہباز شریف کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریاست کو بچانا ہمارا اولین فرض تھا، ہم نے سیاست نہیں ریاست کو بچایا جبکہ پی ڈی ایم حکومت نے دوست ممالک سے تعلقات بحال کیے اور پی ڈی ایم حکومت نے ہی ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسائل کا حل جمہوری نظام میں موجود ہے، منتخب حکومت ہی چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے جبکہ لاڈلے کو دوبارہ سہولتیں دینا لمحہ فکریہ ہے، انصاف کے لئے سب کو متحد ہونا ہوگا۔

متعلقہ خبریں