Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

 نوازشریف کا خیرسگالی کا پیغام لےکرآئے ہیں، شہبازشریف کی متحدہ کی قیادت سے ملاقات

سابق وزیرِاعظم و صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کی قیادت میں ن لیگ کا وفد کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد میں واقع مرکز پہنچ گیا۔

صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف نے وفد کے ہمراہ  ایم کیو ایم پاکستان کے وفد سے ملاقات کی اورقائدمسلم لیگ ن نوازشریف کی جانب سے سلام اور دعا کا پیغام پہنچایا۔

ایم کو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ قائد نوازشریف کا خیرسگالی کا پیغام لے کرآئے ہیں۔ ہمارے تعلقات دہایئوں پر محیط ہیں۔ تحریک عدم اعتماد کے بعد مخلوط حکومت میں ایم کیو ایم کے ساتھ احترام اور اعتماد کا رشتہ قائم ہوا۔

صدرمسلم لیگ ن نے کہا کہ سیلاب اور ڈیفالٹ کے خطرے سمیت دیگر مسائل ملکر حل کرنے کی کوشش کی۔ ایم کیو ایم کے ساتھیوں کو انتہائی پرجوش پایا۔ تمام دوست معاملات کو حل کرنے کے لئے پر خلوص نظر آئے۔ اگلا الیکشن فیصلہ کرے گا کہ ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف جانا ہے۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ سیاسی اور معاشی انتشار کی خواہشمند قوتوں کی سازشیں عروج پر ہیں۔ یہ الیکشن طے کرے گا کہ ماضی کا پھیلایا گیا زہر اتحاد اور بھائی چارے سے ختم ہوگا۔ الیکشن کے نتیجے میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کا آغاز کرنا ہے۔ بدقسمتی ہے کئی ممالک جو ہم سے پیچھے تھے آج وہ آگے ہیں۔

انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے اختلافات کو ختم کرتے ہوئے تمام وسائل وقف کریں گے،  اس شہر میں لاکھوں لوگ قربانیاں دے کرہجرت کرکے آئے۔ 76 سال بعد بھی قائد کے خواب کی تکمیل کیلئےکچھ نہیں کرسکے۔  نوجوانوں کے ہاتھوں میں کلاشنکوف نہیں لیپ ٹاپ دیں۔ اس جدوجہد میں اکیلے کچھ نہیں کرسکتے سب نے مل کر کام کرنا ہے، یہ شہر معاشی حب ہے۔

شہبازشریف نے مذید کہا کہ ٹینکرمافیا، ٹرانسپورٹ کا خستہ حال نظام چل رہا ہے، اس شہر کو اس کا حق ملنا چاہیئے، سب اسٹیک ہولڈر مل کر کام کریں تو سب ممکن ہے۔ الیکشن کے نتیجے میں پاکستان کی قسمت بدلے گی۔ عوامی مینڈیٹ سے ہی نظام حکومت چلانا ممکن ہے۔ ہتھکڑی لگا کر نواز شریف کو گرفتار کیا گیا، تنخواہ نہ لینے کے جرم میں سزا دی گئی، کیا لاڈلہ ایسا ہوتا ہے؟ لاڈلہ وہ ہوتا ہے عدالتی احکامات کے بعد بھی پیش نہ ہوجس کو عدالت کہے گڈ ٹو سی یو۔

ایم کیوایم پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم اور مسلم لیگ ن کے درمیان تعلقات مثالی ہیں۔  ڈپٹی کنوینئرانیس قائمخانی نے کہا کہ ایم کیو ایم این اے 242 بلدیہ ٹاؤن کی نشت سے الیکشن میں حصہ لینے کی خواہش مند ہے، ایم کیو ایم این اے 242 کی سیٹ جیت کر لسانیت کو شکست دینا چاہتی ہے۔

صدرمسلم لیگ ن شہبازشریف کے ہمراہ وفد میں ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، بشیرمیمن، رانا مشہود اور مریم اورنگزیب بھی موجود تھی۔ 

متعلقہ خبریں