2024 میں ہونے والے عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی زیر صدارت اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ )ن( کی انتخابی ٹکٹوں کی تقسیم کے معاملے پر ن لیگ کے قائد نواز شریف کی زید صدارت سینئر پارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا جس میں شرکت کے لئے سابق وزیر اعظم شہباز شریف ماڈل ٹاون سے جاتی امراء پہنچے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلی پنجاب حمزہ شہباز بھی جاتی امراء میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مریم نواز، سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ )ن( پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کے علاوہ )ن( لیگ الیکشن سیل کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار بھی اجلاس میں موجود تھے۔
پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ )ن( کی اعلی قیادت آئندہ عام انتخابات میں ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے حتمی مشاورت جاری رکھے گی۔ آج کے اجلاس میں پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں میں امیدواروں بارے پیش کی گئی جب کہ ٹکٹوں کی تقسیم کے حوالے سے سفارشات پر مزید غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل ہونے والے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما روحیل اصغر اور ایاز صادق این اے 121 سے الیکشن لڑنے پر بضد دکھائی دیے۔
شیخ روحیل نے پارلیمانی بورڈ اجلاس کو بتایا کہ این اے 121 میرا آبائی حلقہ ہے اور میں یہاں سے ہی الیکشن لڑوں گا، اگر آزاد حیثیت میں بھی الیکشن لڑنا پڑا تو لازمی لڑوں گا، میرے آبا و اجداد اسی حلقے سے انتخابات لڑتے رہے ہیں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ میرے پرانے حلقہ کا کم و بیش 56 فیصد حصہ نئی حلقہ بندیوں میں این اے 121 میں شامل ہو چکا ہے، میں ہر صورت میں پارٹی ڈسپلن کا پابند ہوں اور ٹکٹ پر قیادت کا ہر فیصلہ منظور ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے ٹکٹ کے خواہشمند امیدواروں میں سے 90 فیصد سے زائد امیدواروں کی ٹکٹیں کنفرم کرلی ہیں، اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف حلقوں میں سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے حوالے سے بھی غور کیا گیا۔



















