ریگولر حج اسکیم کے قرعہ اندازی میں ناکام رہنے والے 5633 عازمین حج درخواست گزاروں کو 6 ارب روپے واپس کردیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور نے آئندہ حج کے ناکام درخواست گزاروں کو 6 ارب روپے لوٹا دیے، تاہم آئندہ برس کے لئے حج قرعہ اندازی میں 5 ہزار 633 درخواست دہندہ ناکام قرار پائے تھے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا کہنا تھا کہ ریگولر حج اسکیم میں 69 ہزار 438 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، ریگولر کوٹہ کے قرعہ اندازی میں 63 ہزار 805 خوش نصیب عازمین حج منتخب ہوئے تھے۔
ذرائع کے مطابق قرعہ اندازی میں رہ جانے والے 5633 درخواست گزاروں کو دس لاکھ 65 ہزار اور دس لاکھ 75ہزار روپے واپس کیے گئے۔
وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے مزید بتایا کہ آئندہ حج کے ناکام درخواست گزاروں کو مجموعی طور پر 6 ارب روپے واپس کئے گئے۔



















