خان پور: پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی 2 مضبوط وکٹیں اڑا دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز ہاؤس ملتان میں سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری سے مختلف سیاست دانوں کی ملاقات ہوئی جہاں ن لیگ کے سابق ایم پی اے نواز خان رند کے صاحب زادے قمر دین خان نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قمر دین خان پی پی 259 سے پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد انور بھی جیالے بن گئے، میاں شہزاد انور حلقہ پی پی 258 سے پی پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔
اس موقع پر آصف زرداری نے دونوں سیاسی رہنماؤں کو پارٹی ٹکٹ کی یقین دہانی کرا دی۔
ملاقات میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی، سابق گورنر پنجاب مخدوم احمد محمود بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پیپلزپارٹی قیادت کو پنجاب سے سیاسی کامیابی کی امید ہے، جس کے پیش نظر پیپلزپارٹی قیادت نے لاہور میں قیام میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
پیپلزپارٹی قیادت کا مزید چند روز لاہور میں رہنے کا امکان ہے، پی پی پنجاب نے پارٹی قیادت کو لاہور میں قیام کی درخواست کی۔
پیپلزپارٹی آئندہ چند روز میں پنجاب میں اہم سیاسی سرپرائز دے سکتی ہے، پی پی کے پنجاب میں اہم سیاسی شخصیات سے معاملات طے پا گئے۔
علاوہ ازیں پیپلزپارٹی پنجاب سے پانچ اہم شخصیات سے رابطے ہیں، سیاسی شخصیات کا تعلق مختلف سیاسی جماعتوں سے ہے۔ سیاسی شخصیات پیپلزپارٹی قیادت سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کریں گی جبکہ شمولیت اختیار کرنے والی شخصیات پی پی قیادت سے ملاقات کی خواہشمند ہیں۔



















