Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت عارف علوی کا واپڈا کو خصوصی شخص کی ویلفیئر گرانٹ بحال کرنے کا حکم

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے واپڈا کو خصوصی شخص کی ویلفیئر گرانٹ بحال کرنے کا حکم دیدیا۔

تفصیلات کےمطابق صدر مملکت نے وفاقی محتسب کے فیصلے کے خلاف سید نور علی زیدی (شکایت کنندہ) کی اپیل منظور کر لی۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ واپڈا ریٹائرڈ ملازم کے معذوری کے حامل بچے کو ویلفیئر گرانٹ بند ہونے کی تاریخ سے فوری طور پر ادائیگی کرے، واپڈا اہلکاروں نے غیر منصفانہ طور  پر حاملِ معذوری فرد کی ماہانہ گرانٹ بند کی۔

انہوں نے کہا کہ معذوری کے حامل شخص کی گرانٹ روکنے کا فیصلہ کس نے اور کیوں کیا؟ اس کی تحقیقات ہونی چاہیے، قانونی طور پر جاری کردہ تاحیات گرانٹ بند کرنے والے اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی شروع کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملوث اہلکاروں نے ریٹائرڈ ملازم کے خاندان ہی نہیں بلکہ واپڈا کیلئے بھی شرمناک صورتحال پیدا کی، میڈیکل بورڈ نے معذوری کے حامل فرد کو تاحیات ناقابلِ ملازمت قرار دیا۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ واپڈا کو حاملِ معذوری فرد کی تربیت کیلئے وزارتِ انسانی حقوق سے رابطہ کرنا چاہیے، وزارتِ انسانی حقوق خصوصی افراد کو 50 سے زائد ہنر سکھانے۔

صدر مملکت کے مطابق ایسے معاملات میں خصوصی افراد کی رہنمائی  کرنا واپڈا جیسے اداروں کی ذمہ داری ہے، واپڈا جیسے اداروں کو  خصوصی افراد کے معاملے میں سماجی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واپڈا کو ایسے معاملات میں خصوصی افراد کو روزگار کے قابل بنانا چاہیے۔

واضح رہے کہ شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کو درخواست دائر کی تھی کہ وہ ریٹائرڈ ملازم کا معذوری کا حامل بچہ ہے، میڈیکل بورڈ نے تاحیات ناقابلِ ملازمت قرار دے کر قواعد کے تحت واپڈا ویلفیئر فنڈ کیلئے سفارش کی، 21 سال کی عمر تک باقاعدگی سے گرانٹ ملتی رہی، بعد میں واپڈا نے نام ریکارڈ سے نکال دیا، وفاقی محتسب نے واپڈا کے حق میں حکم جاری کیا ، واپڈا نے بدانتظامی نہیں کی۔

محتسب کے مطابق شکایت کنندہ کی عمر 30 سال ، مفت طبی سہولت اور گرانٹ کا حقدار نہیں ،شکایت کنندہ نے وفاقی محتسب کے حکم کے خلاف صدر مملکت کو اپیل دائر کی۔

صدرمملکت نے کہاکہ محتسب نے شکایت کنندہ کے گرانٹ کے حقدار ہونے کے چند اہم حقائق نظرانداز کیے،شکایت کنندہ کو واپڈا میڈیکل بورڈ نے 1996 میں “پیدائشی گونگا ،بہرا” قرار دیا،شکایت کنندہ کو “تاحیات ناقابل ِملازمت ” اور “مکمل طور پر والدین کے زیرِکفیل” قرار دیا گیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ ویلفیئر فنڈ کی منیجنگ کمیٹی نے 1996ء میں شکایت کنندہ کیلئے تاحیات فلاحی گرانٹ کی منظوری دی ،نادرا نے بھی شکایت کنندہ کو شناختی کارڈ پر “تاحیات معذور شخص” ظاہر کیا، شکایت کنندہ کو قانون کے مطابق ویلفیئر گرانٹ جاری کی گئی تھی ،فلاحی گرانٹ روکنے کا فیصلہ کس نے کیا اور کیوں ، تحقیقات ہونی چاہیے ، صدر مملکت نے حقائق کی روشنی میں وفاقی محتسب کے حکم کو مسترد کردیا اور واپڈا فوراً فلاحی گرانٹ بند ہونے کی تاریخ سے گرانٹ بحال کرے۔صدر حکم دیا کہ واپڈا ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائی کرے ، 30 دن میں محتسب کو رپورٹ دے۔

متعلقہ خبریں