Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

8 فروری کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے، شہباز شریف

سابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں پارٹی امور اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

سابق وزراء خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، پارٹی رہنماؤں میاں جاوید لطیف، میاں عطا مانیکا، ملک افضل کھوکھر، محسن شاہنواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، سردار عرفان ڈوگر، ملک سیف الملوک کھوکھر، چوہدری محمد طفیل جٹ اور محمد اشرف جٹ کی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات ہوئیں۔

ملاقات میں شہباز شریف نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جذبے کی تعریف کی۔

دوران ملاقات شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نقطہ آغاز ثابت ہوں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام دیکھ چکے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کے سوا باقی سب نے دھوکہ دیا، عوام سے وعدے صرف نواز شریف نے پورے کیے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ عوام کے پاکستان پر اعتماد کو بحال کریں گے، اقتصادی پالیسی میں توازن لائیں گے، عوام اور مالیاتی اداروں دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

متعلقہ خبریں