Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ورزش کرنے کا ایک اور بہترین فائدہ سامنے آگیا

ورزش کرنے کا ایک اور بہترین فائدہ سامنے آگیا ہے۔

ایک حالیہ تحقیق کے مطابق ورزش کرنے کی عادت جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ دماغی صحت کے لیے بھی بہت زیادہ فائدہ مند ہوتی ہے۔

جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ جسمانی طور پر متحرک رہنے سے دماغ کے ان حصوں کا حجم بڑھ جاتا ہے جو یادداشت اور سیکھنے کے عمل سے جڑے ہوتے ہیں۔

اس تحقیق کے لیے 10 ہزار سے زائد افراد کے ایم آر آئی اسکینز کرائے گئے تھے۔

ان اسکینز میں دریافت ہوا جو افراد کسی قسم کی جسمانی سرگرمی جیسے چہل قدمی، جاگنگ یا دیگر کے عادی تھے، ان کے دماغ کے مخصوص حصوں کا حجم زیادہ بڑا تھا۔

تحقیق کے مطابق ورزش کرنے سے یادداشت، فیصلہ سازی اور سیکھنے کے عمل سے جڑے دماغی حصوں کا حجم بڑھ جاتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ معتدل جسمانی سرگرمیاں جیسے روزانہ 4 ہزار سے کم قدم چلنے سے بھی دماغی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں، اگرچہ دماغی حجم کو افعال میں بہتری سے منسلک نہیں کیا جاتا مگر اس سے دماغی اہلیت میں مثبت تبدیلیوں کا عندیہ ملتا ہے۔

مگر ماہرین کے خیال میں ورزش کرنے کی عادت سے اعصابی افعال بہتر ہوتے ہیں کیونکہ جسمانی سرگرمیوں سے جسم میں خون کا بہاؤ بہتر ہوتا ہے اور ان پروٹینز کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے جو نیورونز کو صحت مند رکھتے ہیں۔