سانپ کا زہر انسان کو بلڈ پریشر کے مسائل میں مدد فراہم کر سکتا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق سائنسدانوں نے سانپ کی ایک ایسی قسم دریافت کی ہے جس کا زہر انسانوں میں بلڈ پریشر کے مسائل کو ختم کرسکتا ہے۔
جی ہاں، تحقیق میں بتایا گیا کہ سائنس دانوں کو جنوبی امریکی سانپ کی ایک قسم بوتھروپس کوٹیارا کے زہر میں ایسا پروٹین ملا ہے جو اپنے اندر کم یا زیادہ بلڈ پریشر کے مسئلے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ پروٹین بالکل انہی پروٹینز کی طرح کام کرتا ہے جو بلڈ پریشر کم کرنے کی دوا کیپٹوپرل بنانے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
سائنس دانوں نے بتایا کہ زہر میں موجود اس پروٹین کو اگر مناسب خوراکوں میں استعمال کیا جائے تو یہ ایک دن مطبی علاج کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔
تحقیق کے شریک مصنف پروفیسر ایلگزینڈر تاشیما کا کہنا ہے کہ زہر ہمیں حیران کرنے سے کبھی نہیں چوکتے، اتنی معلومات کے باوجود تازہ دریافتیں ممکن ہیں۔ تمام دستیاب ٹیکنالوجی کے باوجود ان زہروں میں بہت سی ایسی چیزیں ہیں جن کا مطالعہ کیا جانا ابھی باقی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ دریافت اے سی ای سے بچانے والی نئی اقسام کی ادویات کے لیے راہ ہموار کر سکتی ہے جو بلڈ پریشر کو کم کرتی ہیں۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ سانپ کے زہر میں 197 قسم کے پروٹین دریافت ہوئے جن میں 189 پروٹینز پہلی بار دیکھے گئے ہیں۔




















