پاکستان، ترکی اور سعودی عرب پر مشتمل سہہ ملکی دفاعی اشتراک کار کا اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوا جس میں میں دفاعی تعاون، ٹیکنالوجی اور تحقیق وترویج میں تعاون پربات چیت کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان سہہ ملکی اشتراک کار کے حوالے سے اجلاس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوا جس میں باہمی ،تاریخی، برادرانہ قریبی تعلقات کی اہمیت پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں فریقین نے تکنیکی ، مالیاتی،انسانی وسائل اورانٹلیکچوئل تعاون کی اہمیت پر زور دیا جبکہ اجلاس میں دفاعی شعبے میں کامیابیوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا، آئندہ سہہ فریقی اجلاس فروری میں ریاض میں منعقد ہوگا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس میں باہمی دلچسپی کے امور اور درپیش ابھرتے ہوئے سیکیورٹی ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ فوجی ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی اور مشترکہ مقاصد کی تکمیل کے لئے ریاستی سطح پر دفاعی صنعتی تعاون کی ضرورت پر زور بھی دیا گیا۔



















