Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارت کے دبنگ اداکار سلمان خان بال بال بچ گئے

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے فارم ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کرنیوالے دو افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹر کے شہر پنویل میں واقع بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کے فارم ہاؤس کے اندر درخت پر چڑھ کر گھسنے کی کوشش کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ گرفتار ہونیوالے دونوں افراد نے پولیس کو اپنے فرضی نام اجیش کمار اوم پرکاش گل اور گروسیواک سنگھ تیجسنگھ بتائے جبکہ ان دونوں افراد کے پاس سے جعلی شناختی کارڈ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق بھارت کی مختلف ریاستوں سے ہے، پولیس نے اُنہیں حراست میں لیکر دونوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں افراد نے پولیس کو بتایا کہ وہ سلمان خان کے مداح ہیں اور وہ اداکار سے ملنا چاہتے تھے، اسی وجہ سے فارم ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کی۔