Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سرکاری ملازمین کی موجیں لگ گئیں

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین کو 2 ہزار الیکٹرک بائیکس بلا سود دی جائیں گی۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور میں مقامی ہوٹل میں محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب کی جانب سے منعقدہ خصوصی تقریب میں بلا سود الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشے دینے کے پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارعوام کو بلاسود 26 ہزارالیکٹرک موٹر بائیکس اور رکشے دیئے جائیں گے، پنجاب بھر میں چنگ چی رکشے کی رجسٹریشن پروگرام کا بھی باضابطہ افتتاح کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ پنجاب حکومت بینک آف پنجاب کے تعاون سے طلباو طالبات کو10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دے گی جبکہ 10ہزار الیکٹرک رکشے بھی بلا سود پنجاب بینک کے تعاون سے دیئے جائیں گے۔

 نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسپیشل افراد کو بلا سود 2ہزار الیکٹرک تھری ویلر بائیکس دی جائیں گی جبکہ سرکاری ملازمین کو 2ہزار الیکٹراک بائیکس بلا سود دی جائیں گی، اسی طرح سرکاری و نجی ملازمت پیشہ خواتین کو 2 ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں سرکاری سطح پر پیٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکل خریدنے پر پابندی لگا دی ہے، سرکاری محکمے آئندہ صرف الیکٹرک بائیک ہی خرید سکیں گے۔

 محسن نقوی نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے بہت محنت کی سب کہتے تھے، چنگ چی رکشوں کی رجسٹریشن کرنا ممکن نہیں لیکن محکمہ ٹرانسپورٹ نے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا محکمہ ٹرانسپورٹ کے تمام اقدامات مثالی ہیں۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور دنیا کا آلودہ ترین شہر ہے ہمیں آلودگی کے خاتمے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بلا سود الیکٹرک بائیکس والیکٹرک رکشہ پروگرام کے لیے پنجاب بینک حکومت پنجاب کی معاونت اور لیڈنگ رول ادا کر رہا ہے طلبا وطالبات کے لئے بلا سود الیکٹرک بائیکس دینا ایک مثالی قدم ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین میں فیول والی بائیک نہیں چلتی بلکہ الیکٹرک بائیکس چل رہی ہیں آئندہ تین سال میں اگر الیکٹرک بائیکس مکمل طور پر متعارف کرا دی جائیں تو ماحول پر بہت مثبت اثرات پڑیں گے، الیکٹرک بائیکس کو عام کرنے کے لیے مضبوط ارادے اور کاوشوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ میری دعا ہے کہ پاکستان میں گاڑیاں بھی الیکٹرک ہو جائیں آئندہ کوئی بھی ادارہ الیکٹرک بائیک کے علاوہ کوئی بائیک نہیں خرید سکے گا ایکسل لوڈ پر عمل درآمد کروانا ایک مشکل کام تھا جسے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پولیس نے بڑی محنت سے سرانجام دیا لوگ احتجاج کر رہے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کیا کہ روڈ کے اوپر زیادہ وزن لانے کی وجہ سے کتنا نقصان ہوتا ہے ۔

وزیراعلی نے کہا کہ حکومت اربوں روپے لگا کرسڑک بناتی ہے اور لوگ زیادہ وزن ڈال کر اسے خراب کر دیتے ہیں، ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر عملدرآمد میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، بڑی محنت کے ساتھ ڈرائیونگ لائسنس پر عمل درآمد کروا رہے ہیں۔

 محسن نقوی نے کہا کہ لاہور میں صرف 10 فیصد لوگوں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس تھا،70 لاکھ گاڑیاں اور 7 لاکھ ڈرائیونگ لائسنس تھے، رات دو بجے خدمت مرکز کا دورہ کیا تو دو تین سو لوگ تب بھی لائسنس بنوا رہے تھے۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ابراہیم حسن مراد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی جس طرح محنت کے ساتھ عوام کی خدمت کررہے ہیں اس کی کوئی دوسری مثال نہیں، ہم نے ایک برس کے دوران 200فیصد محنت اور 300فیصد ایمانداری کے ساتھ کام کیا ہے۔

متعلقہ خبریں