کراچی: گذشتہ رات پولیس مقابلے کے بعد گرفتار ہونے والے لیاری گینگ وار کے کارندوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رات گئے دو گینگ وار کے خطرناک ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں جب کہ ملزمان اس سے قبل بھی کئی مقدمات میں گرفتار ہوکر جیل جاچکے ہیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم خدا بخش کے خلاف تھانہ کلری میں چار مقدمات درج ہیں جب کہ بغدادی پولیس نے شکیل بادشاہ گروپ کے کارندے خدا بخش کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ شکیل بادشاہ گروپ ملائیشیا سے آپریٹ کیا جاتا ہے اور ملزم خدا بخش لیاری گینگ وار کا اہم رکن ہے، ملزم ملائیشیا سے ملنے والی ہدایت پر بھتہ وصول کرتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم کبیر کو گارڈن پولیس نے گرفتار کیا ہے جب کہ ملزم 12 سے زائد بھتہ خوری اور دیگر مقدمات میں مطلوب تھا، گرفتار ملزم کبیر کا تعلق وصی اللہ لاکھو گروپ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان متعدد مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان کی واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے سی سی ٹی وی بھی سامنے آگئی ہے جب کہ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے ملزم کبیر اور اس کا ساتھی فرار ہورہے ہیں۔
پولیس کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان کی موٹرسائیکل سوزوکی سے ٹکرائی جب کہ ملزم اسلحہ لہرارہا ہے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا تھا۔ ملزم سے اسلحہ برآمد کرکے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے جب کہ ملزمان کے مفرور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔



















