نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی کا واحد راستہ تعلیم ہے۔
تفصیلات کے مطابق نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے لاہور لیڈز یونیورسٹی کے ساتویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے یہاں آ کر دلی خوشی ہوئی ہے، کانووکیشن ایک یادگار موقع ہوتا ہے،اس روز طلبا و طالبات اپنی محنت کا ثمر حاصل کرتے ہیں۔
مدد علی سندھی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے،نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں،امید ہے کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں میں پڑھنے کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کام کریں،اس سے ایک پڑھی لکھی نسل پروان چڑھ سکتی ہے جو پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے جانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔
مدد علی سندھی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرکاری،نجی اور مدارس تین طرز کی تعلیم دی جا رہی ہے،جو ملک میں تین مختلف طبقات پیدا کر رہے ہیں۔
نگران وفاقی وزیر تعلیم مدد علی سندھی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی اولین ترجیح تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا اور اسکول سے باہر بچوں کو واپس لانا ہے، لیڈز یونیورسٹی معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے،ایسے تعلیمی اداروں کی ملک کو اشد ضرورت ہے۔



















