Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کینسر کی 6 جان لیوا اقسام کی وہ علامات جو بیشتر افراد نظر انداز کردیتے ہیں

کینسر اس وقت دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والا ایسا جان لیوا مرض ہے جس کا علاج تو ممکن ہے مگر وہ کافی تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے۔

لیکن کیا آپ کینسر کی 6 جان لیوا اقسام کی وہ علامات جانتے ہیں جو بیشتر افراد نظر انداز کردیتے ہیں؟ اگر نہیں تو آئیے ہم آپکو بتاتے ہیں۔

پھیپھڑوں، جگر، دماغ، غذائی نالی، لبلبے اور معدے میں کینسر کو سب سے زیادہ جان لیوا مانا جاتا ہے۔

دماغ

دماغ کے کینسر کی علامات میں بینائی اور بولنے کے مسائل، سردرد، قے، متلی، seizures، ذہنی اور رویوں میں تبدیلیاں قابل ذکر ہیں۔

جگر

جگر کے کینسر کے شکار افراد میں جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، خود کو بیمار محسوس کرنا، پیٹ میں درد یا سوجن، یرقان، جلد پر خارش، تھکاوٹ، بخار، قے میں خون آنا اور پیشاب کی گہری رنگت جیسی علامات عام نظر آتی ہیں۔

پھیپھڑوں

مسلسل کھانسی، کھانسی میں خون آنا، سینے میں تکلیف، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، کھانے کی خواہش ختم ہونا، سانس پھولنا، تھکاوٹ اور کمزوری جیسی علامات کا سامنا پھیپھڑوں کے کینسر کے شکار افراد کو ہوتا ہے۔

غذائی نالی

کھانا نگلنے میں مشکلات، بدہضمی یا سینے میں جلن، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، قے، پیٹ، سینے یا کمر میں تکلیف، مسلسل کھانسی، آواز کا بیٹھ جانا، تھکاوٹ اور سانس پھول جانا غذائی نالی کے کینسر کی نمایاں علامات ہیں۔

لبلبے

کینسر کی اس قسم کے شکار افراد کو جن علامات کا سامنا ہوتا ہے ان میں کمر یا پیٹ میں درد، کھانے کی خواہش ختم ہوجانا، جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی، جلد کی رنگت زرد ہوجانا، یرقان، بدہضمی اور آنتوں کے مسائل قابلِ ذکر ہیں۔

معدے

ایسی بدہضمی جس کا تسلسل برقرار رہے، سینے میں جلن، پیٹ پھولنے یا تھوڑا کھانے پر پیٹ بھرجانے کا احساس، پیٹ میں درد، کھانا نگلنے میں مشکلات اور جسمانی وزن میں غیرمتوقع کمی اس کینسر کی قابل ذکر علامات ہیں۔