موٹاپا کس کو پسند ہوتا ہے ؟ یہ نہ صرف ظاہری شخصیت کو تباہ کردیتا ہے بلکہ یہ امراض کی جڑ بھی ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے ذیابیطس، بلڈپریشر، امراض قلب اور فالج غرض کہ لاتعداد بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔
لیکن اگر آپ بھی موٹاپے کو کم کرنے کے لئے ادویات کا استعمال کررہے ہیں تو آج ہی رُک جائیں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں بالغ اور نوعمر افراد کی جانب سے وزن کم کرنے کے لیے غیر محفوظ ادویات کا استعمال بڑھ چکا اور تقریبا ہر 10 میں سے ایک نوعمر ایسی ادویات استعمال کرنے لگا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ دنیا بھر میں وزن کو کم کرنے کے لیے مختلف ادویات کے استعمال میں اضافہ ہوگیا اور عام لوگ ڈاکٹروں کی ہدایات کے بغیر ہی ایسی ادویات کا استعمال کر رہے ہیں۔
اس تحقیق کے ڈیٹا کے مطابق نو عمر افراد میں زیادہ تر لڑکیاں وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کر رہی ہیں جو کہ خطرناک ہے کیونکہ وہ سب ڈاکٹروں کی تجاویز کے بغیر ہی ادویات کو استعمال کر رہی ہیں۔
عام طور پر وزن کم کرنے والی ادویات کو بچوں کو استعمال نہیں کرنے دیا جاتا، کیوںکہ ان کے استعمال سے ڈپریشن بڑھنے سمیت دیگر صحت کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں لیکن اب تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ دنیا بھر کے نوعمر افراد ڈاکٹروں کی تجویز کے بغیر ہی ایسی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔




















