موٹر وے پر سفر کرنے والوں کے لیے انتہائی اہم خبر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کی وجہ سے موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ شدید دھند کے باعث موٹروے ایم ون کو اسلام آباد ٹول پلازہ سے پشاور کی طرف گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا جبکہ موٹروے ایم ون صوابی سے پشاور تک بند کی گئی ہے۔
ایم ٹو موٹروے پر اسلام آباد ٹول پلازہ سے کوٹ مومن تک ہیوی گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا اور ایم ٹو کو لاہور ٹھوکر نیاز بیگ سے پنڈی بھٹیاں تک بند کیا گیا ہے۔
موٹروے ایم ٹو کو شیخوپورہ سے ہرن مینار تک بند کیا گیا ہے جبکہ ایم 14 کو بھی ڈیرہ اسماعیل خان سے داؤد خیل تک ہیوی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ایم 14 کو رات گئے کھڑپہ سے کوٹ بیلیاں تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور سیالکوٹ موٹروے کو محمود بوٹی سے سمبڑیال تک بند کیا گیا ہے اور ایم 5 کو روہڑی سے اوچ شریف تک شدید دھند کے باعث ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
موٹروے ایم 4 کو شام کوٹ سے پنڈی بھٹیاں اور فیصل آباد تک بند کیا گیا جبکہ ایم تھری کو فیض پور سے درخانہ تک ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔
موٹروے پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کی جان و مال کے حفاظت ہے۔



















