سید نیئر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدواروں کو انتخابی نشان تیر ہی الاٹ کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پنجاب کے کچھ حلقوں کے امیدواروں کی شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ انہیں انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا جا رہا ہے۔
سید نیئر حسین بخاری نے کہا کہ آراوز کے پاس پارٹی ٹکٹ جمع کروانے والوں کو تیر کا نشان نہ دینا باعث تشویش ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقہ NA-58 چکوال سے ذوالفقار علی خان، حلقہ 59 چکوال سے حسن سردار، حلقہ 122 لاہور سے چوہدری عاطف رفیق، PP-20 چکوال سے چوہدری نوشاد، PP-21چکوال سے راجہ امجد نون، PP-119 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مجاہد اسلام اور PP-163 لاہور سے محمد فیاض پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے ٹکٹ یافتہ امیدوار ہیں جن کو الگ الگ نشانات دئیے جا رہے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کا انتخابی نشان تیر ہے اس لئے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز امیدواروں کو انتخابی نشان تیر ہی الاٹ کیا جائے، چیف الیکشن کمشنر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی شکایات کا نوٹس لیں۔



















