موبائل فون کا استعمال دنیا بھر میں ہر فرد کی زندگی کا حصہ بن چکا ہے۔
لیکن کچھ لوگوں کو موبائل استعمال کرنے کی اتنی لت لگ گئی ہے کہ وہ واش روم میں بھی اس کو استعمال کرتے ہیں جو کہ انتہائی خطرناک ہے۔
ایک حالیہ تحقیق کے مطابق موبائل فون کا ہر وقت اور زیادہ استعمال انسانی صحت پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے جبکہ واش روم میں فون کا استعمال آپ کو خطرناک بیماری کا شکار بناسکتا ہے۔
جی ہاں، ماہرین نے بتایا کہ واش روم میں موبائل فون کا استعمال بواسیر اور دیگر بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے کیونکہ واش روم میں فون استعمال کرنے والے لوگ کئی گنا زیادہ وقت بیٹھے رہتے ہیں جس کی وجہ سے غیر ضروری دباؤ بواسیر اور دیگر بیماریوں کو دعوت دے سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمیں واش روم میں کم سے کم وقت گزارنا چاہیے تاکہ ہمارے مخصوص اعضاء پر زیادہ دباؤ نہ پڑے۔
انہوں نے کہا کہ واش روم میں فون استعمال کرنے والوں کا موبائل فون بھی واش روم میں پائے جانے والے نقصان دہ بیکٹیریا کی آماجگاہ بن جاتا ہے۔
ماہرین نے لوگوں کو مشورہ دیا کہ باتھ روم میں بیٹھ کر موبائل فون استعمال نہ کریں کیونکہ بیکٹیریا فون کے ساتھ چمٹ جاتے ہیں اور کچھ بھی کھانے کے دوران وہ آپ کے پیٹ میں چلے جاتے ہیں جس کے بعد بیماریوں سے بچنا مشکل ہوجاتا ہے۔




















