آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ایران میں آپریشن انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیا گیا، پاکستان نے حملہ آور ڈرونز، راکٹس اور دیگر ہتھیاروں سے کارروائی کی۔ ان دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں کیں جو پاکستان میں حالیہ دہشت گردی میں ملوث تھے۔
پاک فوج کے شعبہ برائے تعلقات عامہ انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 18 جنوری کی صبح پاکستان نے ایران کے اندرموجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے خلاف مؤثرحملےکرکے انھیں تباہ کردیا۔ یہ دہشت گرد پاکستان میں دہشتگردکارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آرکے مطابق پاکستان نے ایران میں بلوچستان لبریشن آرمی اور بلوچستان لبریشن فرنٹ نامی دہشت گرد تنظیموں کے زیراستعمال ٹھکانوں کو انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن میں کامیابی سے نشانہ بنایا گیا، ہلاک ہونے والوں میں دوست عرف چیئرمین، بجرعرف سوغت، ساحل عرف شفق، اصغرعرف بشام اوروزیرعرف وزی شامل تھے۔
آئی ایس پی آرکی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حملے میں ڈرونز، راکٹوں، بارودی سرنگوں اوراسٹینڈ آف ہتھیاروں کا استعمال کیاگیا۔ آپریشن کا نام مرگ بر سرمچار رکھا گیا تھا۔ پاکستان نے ڈرونز، راکٹ اوردیگرہتھیاروں کاذمہ داری سےاستعمال کیا۔ بےگناہ جانوں کےنقصان سےبچاؤکیلئےمکمل احتیاط برتی گئی۔
آئی ایس پی آرنے کہا کہ پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کا احترام اورکسی بھی مہم جوئی کے خلاف تحفظ کو یقینی بنانے کا ہمارا عزم غیرمتزلزل ہے۔ ہم پاکستانی عوام کی حمایت سے پاکستان کے تمام دشمنوں کو شکست دینے کے اپنےعزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ مسلح افواج پاکستانی شہریوں کی حفاظت کویقینی بنائیں گی، مسلح افواج دہشت گردی کی کارروائیوں کیخلاف ہروقت تیارہیں، پاکستان کی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کااحترام یقینی بنائے گی، کسی بھی مہم جوئی کیخلاف تحفظ یقینی بنانے کا غیرمتزلزل عزم ہے، عوام کی حمایت سےدشمنوں کےارادےخاک میں ملادیں گے، ہمسایہ برادرممالک بات چیت اور سمجھ داری سے مسائل حل کرسکتےہیں۔



















