آج ہم آپکو اُن عام عادات کے بارے میں بتائیں گے جو انسانی دماغ کو بُری طرح تباہ کردیتی ہیں۔
دل کا خیال نہ رکھنا
دل کی صحت براہ راست دماغی صحت سے جڑی ہوتی ہے۔
صحت مند دل دماغ کے لیے بھی فائدہ مند ہوتا ہے اور اگر دل کو تناؤ کا سامنا ہو تو دماغ کے لیے خون کی فراہمی متاثر ہوتی ہے۔
اسی طرح ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد میں بھی ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا
بہت زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے سے دماغ کے اس حصے میں تبدیلیاں آتی ہیں جو یادداشت کے لیے بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔
جسم کو زیادہ سے زیادہ حرکت دینے کی کوشش کریں۔
ورزش سے دوری
بیٹھ کر زیادہ وقت گزارنا ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھاتا ہے اور آپ ہر گھنٹے بعد کچھ دیر چہل قدمی کرتے ہیں تو بھی یہ خطرہ کم نہیں ہوتا۔
اگر آپ دماغ کو تحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں تو ورزش کو عادت بنائیں۔
دماغی ورزش نہ کرنا
کسی نئی صلاحیت، زبان یا موضوع کے بارے میں جاننے سے دماغ کے متعدد خلیات کو فائدہ ہوتا ہے۔
اس کے لیے آپ کسی مشغلے کو اپنا سکتے ہیں جیسے کسی ساز کو بجانے سے درمیانی عمر میں بہتر طریقے سے سوچنے میں مدد ملتی ہے۔
ہر نیا کام شروع میں مشکل محسوس ہوتا ہے مگر ہمت مت ہاریں، کام جتنا مشکل ہوگا، دماغ کے لیے اتنا بہترین ہوگا۔
تمباکو نوشی
تمباکو میں متعدد ایسے کیمیکلز ہوتے ہیں جو دماغ کے لیے نقصان دہ ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ تمباکو نوشی سے ذہنی تنزلی اور ڈیمینشیا کا خطرہ بڑھتا ہے۔
سماجی میل جول سے گریز
گھر والوں اور دوستوں سے دوری اختیار کرنے سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
دوستوں یا راشتے داروں سے ملنے سے دماغی افعال میں تنزلی کا خطرہ 47 فیصد تک گھٹ جاتا ہے۔
لوگوں سے ملنے جلنے سے تناؤ کم ہوتا ہے جبکہ تنہائی کا احساس ختم ہوتا ہے، یہ دونوں عناصر دماغی عمر کی رفتار تیز کر دیتے ہیں۔
نیند کی کمی
جب آپ نیند کی کمی کے شکار ہوتے ہیں تو دماغ کے لیے ایک عام کام بھی بہت مشکل ہو جاتا ہے۔
نیند کی کمی کے شکار ہونے پر توجہ مرکوز کرنا بہت مشکل ہو جاتا ہے جبکہ یادداشت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
تو اچھی دماغی صحت کے لیے روزانہ 7 سے 9 گھنٹے نیند ضروری ہوتی ہے۔
غذا کا خیال نہ رکھنا
غذا میں زیادہ چکنائی اور میٹھے کے استعمال دماغی افعال کے لیے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔
اس کے مقابلے میں پھل، سبزیاں، دالیں، مچھلی اور زیتون کے تیل جیسی مخصوص غذائیں دماغ کے لیے بہترین ہوتی ہیں۔
روزانہ ایک کپ چائے یا کافی پینے سے بھی دماغ کو فائدہ ہوتا ہے۔




















