لاہور: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پروفیشنل صحافیوں کو رہائشی پلاٹس دینے کا اعلان کردیا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار صحافی برادری کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے رہائشی پلاٹس دیے جائیں گے، پرنٹ والیکٹرانک میڈیا کے رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین کو مجموعی طور پر 3300 پلاٹس دیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ رپورٹرز کو شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 7 مرلے کا پلاٹ دیا جائے گا، شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیمرہ مین اور فوٹو گرافرز کو 3 مرلے کا پلاٹ دیا جائے گا، پلاٹ کے حصول کیلئے اہلیت کا اشتہار کل 22جنوری کو اخبارات میں دیا جائے گا۔
محسن نقوی نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹ کے حصول کیلئے طریقہ کار سے آگاہ کرے گی، حکومت کا تقریبا سال ہو چکا ہے،جس شہر کا دورہ کرتا صحافی بھائیوں کا ایک ہی مطالبہ تھا کہ ہمارے لئے کچھ کریں، آج پورا کر دیا ہے، ادراک ہے کہ صحافیوں کی اکثریت سفید پوش ہے، مشکل سے گزارا کرتے ہیں، صحافیوں کی رہائش ایک بڑا مسئلہ ہے۔
نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر کے صحافیوں کے لئے رہائش ایک بنیادی ضرورت ہے، مشاورت کے بعد صحافیوں کی رہائش کے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے، کوشش تھی کہ اچھی جگہ ہواو رلانگ ٹرم پلاننگ ہو۔
انکا کہنا تھا کہ پلاٹ کے اہلیت کا معیار جلد اشتہارات کے ذریعے بتا دیا جائے گا، صحافی بھائی 28جنوری تک اپلائی کر سکیں گے، 8فروری سے قبل قرعہ اندازی ہوگی، پلاٹ کے حصول کیلئے درخواستیں کل سے وصول کی جائیں گی، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی صحافی برادری کو پلاٹس کے حصول کیلئے مکمل بریفنگ دے گی، مقصد صرف یہی ہے کہ صحافی جس بھی گروپ یا اخبار سے ہو، اسے میرٹ پر قواعد وضوابط کے مطابق پلاٹ حاصل کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کوالیفائی کرنے والے صحافیوں کو آگاہ کرے گی او رپورا پلان دے گی، کوشش ہے کہ 8فروری سے پہلے قرعہ اندازی کرکے جائیں تاکہ پلاٹ کے حصول کا پراسیس مکمل ہو۔
محسن نقوی نے کہا کہ رہائش گاہ کا انتظام صحافیوں کے لئے انتہائی اہم ہے، کوشش تھی کہ 10 مرلے کا پلاٹ دیں لیکن صحافیوں کی تعداد کافی زیادہ ہے،اس سکیم سے کم ازکم ہر صحافی اپنا گھر تو بنا سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ صحافی برادری کے لئے کچھ کرنا میرا فرض ہے، ہمیشہ رپورٹرز، فوٹو گرافرز اور کیمرہ مین پلاٹس سے محروم رہ جاتے تھے، اگر گنجائش بنی تو فیز ٹو بھی شروع کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کوشش یہی ہے کہ سینئر زکو پہلے مل جائے، لیکن میرا خیال ہے کہ زیادہ تر صحافی ایڈجسٹ ہوجائیں گے، میرے لئے صرف لاہور پریس کلب کے نہیں بلکہ پنجاب کے تمام صحافی اہم اور برابر ہیں، میں اس عہدے پر جب نہ ہوا تب بھی صحافی برادری کے حقوق کیلئے لڑوں گا۔
بعدازاں صحافی برادری نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کا بھرپور انداز میں شکریہ ادا کیا۔
صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، سیکرٹریز ہاؤسنگ، اطلاعات، سی ای او روڈا، ڈی جی پی آر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔



















