کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی سے ایک دن قبل نوجوان اسامہ جاوید کو قتل کردیا گیا۔
کراچی پولیس کے مطابق شادی سے ایک دن قبل ہونے والا نوجوان اسامہ جاوید کو گھر سے لینے آنے والا اس کا دوست طلحہٰ ہی قاتل نکلا، مقتول کے دوست طلحہٰ نے دیگر دو ساتھیوں کے ہمراہ اسامہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
پولیس نے بتایا کہ اسامہ جاوید کے قتل میں ملوث طلحہٰ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ دیگر 2 ملزمان کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔ اس کے علاوہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی ہے اورگاڑی سے خون کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
دوسری جانب نوجوان اسامہ جاوید کے قتل کا مقدمہ مقتول کے والد کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ کراچی کے علاقے عوامی کالونی تھانے میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقتول کے والد نے بتایا کہ جمعے کی رات بیٹے اسامہ کی مایوں کے لیے دلہن کے گھر جانا تھا کہ مقتول اسامہ کا دوست طلحہٰ اسے گھر لینے آیا تھا۔
مقتول کے والد کے مطابق دلہن کے گھر سے واپس آنے پر پتہ چلا کہ اسامہ گھر پر موجود نہیں، اسامہ کے فون پر کال کی تو فون بند ملا۔



















