سابق وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ میں بلاول بھٹو کو یہ بات کہنا چاہتی ہوں کہ ہربات تہذیب میں رہے گی تو سیاست کا وہ کلچرجسے میاں نوازشریف دوبارہ سے پروان چڑھانے کی کوشش کررہے ہیں وہ برقرار رہے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بولنا سب کو آتا ہے، یہ سیاست میدان ہی ایسا ہے، جملے کسنے سب کو آتے ہیں لیکن اب پاکستان کی ترقی کے لیے کوئی آپ کی ذاتیات کی سیاست کو نہیں سننا چاہتا۔ آج عوام اپنی سستی روٹی، سستی بجلی، سستی گیس، روزگاراور اپنے مسائل کی بات سننا چاہتی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول بھٹو نئے نئے پنجاب آئے ہیں۔ پاکستان نوے کی دہائی میں گالم گلوچ کی سیاست کو دفن کرچکا تھا۔ پیپلزپارٹی والے کون سی ترقی ہے جو سندھ سے پنجاب لارہے ہیں، تہذیب میں رہ کرآپ اپنی کارکردگی پربات کریں۔ کراچی کا حق ہے کہ وہاں صاف پانی، دانش اسکولز ہوں۔ یہ بھی سندھ کا حق ہے کہ وہاں میٹروبس ہو۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میاں نوازشریف کی کارکردگی بہترین معاشی طور پر رہی۔ انھوں نے یونیورسٹیزاوردانش اسکولز دیکھے نہیں ہیں۔ کوئی بھی آپ کی ذاتیات کی سیاست نہیں سننا چاہتا، بلاول بھٹو پی ڈی ایم حکومت میں وزیرخارجہ رہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم نے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں سے مشاورت کی ہے، جو فیصلہ پی ڈی ایم حکومت نے لیا اس میں وہ برابر کےحصے دارتھے۔ آج عوام اپنے مسائل کےحل کی بات سننا چاہتے ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں؛ ایک حلقے کی وجہ سے ن لیگ کی نیندیں اڑ گئیں



















