Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت بنی تو ہم آپکی آمدنی کو دگنا کریں گے ،بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکومت بنی تو ہم آپکی آمدنی کو دگنا کریں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سرگودھا میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج مجھے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ میں پنجاب کی سرزمین پر کھڑا ہوں، آج میں پاکستان پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم چلا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت سخت مشکل میں ہے اور پرانے سیاستدان اس وقت نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہے ہیں، دوسری طرف جمہوری بحران، نفرت کی سیاست کی جا رہی ہے، بھائی کو بھائی سے لڑایا جا رہا ہے اور نفرت کی سیاست سے ملک تقسیم ہورہا ہے ، ہم نے نفرت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے ختم کرنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے یہ بھی کہا کہ کسان کو فصل کی قیمت نہیں ملتی، بہن بھائیوں کو روزگار نہیں مل رہا، سیاسی جماعتوں کو کرسی کی فکر ہے جبکہ عوام کی فکر نہیں ہے۔ ہم گالم گلوچ کی سیاست نہیں کرتے، ہماری سیاست عوام کیلئے ہے، میں نے عوام کی خوشحالی کیلئے دس نکاتی ایجنڈا لکھا ہے، اگر موقع ملا تو دس نکاتی ایحنڈا مکمل کرینگے جبکہ غربت اور بیروزگاری کو بھی ختم کرینگے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم الیکشن گالم گلوچ یا دشمنی کی بنیاد پر نہیں لڑرہے، جو چوتھی بار وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہا ہے اس کے پاس کوئی پالیسی نہیں، جب شیر کی حکومت آتی ہے تو عوام کا خون نچوڑا جاتا ہے، آپ نے ملک کو بہتر سمت کی طرف لیکر جانا ہے تو تیر پر ٹھپہ لگائیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت بنائیں گے تو کچی آبادیوں میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دلوائیں گے جبکہ کسانوں کیلئے کسان کارڈ شروع کرینگے ، کسان خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بنائیں گے تو غربت کا مقابلہ کرنے کیلئے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرینگے، خواتین کو قرض دلوائیں گے تاکہ معیشت میں اپنا کردار ادا کرسکیں جبکہ حکومت بنی تو ہم آپکی آمدنی کو دگنا کریں گے اور غریب عوام کو 300یونٹ تک مفت بجلی دلواؤں گا۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ 3 بار وزیراعظم بنے لیکن آپ کیلئےکیا اپنے لیے اسپتال نہیں بناسکے، پنجاب کے سیاستدان بیمار ہوتے ہیں تو لندن چلے جاتے ہیں، پنجاب کے ہر ضلع میں صحت کے ادارے بنائیں گے اور پہلے سرگودھا پھر رائیونڈ میں مفت دل کے علاج کا اسپتال بناؤں گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ نوجوان ڈگریاں لیکر گھومتے ہیں،روزگار نہیں ملتا ، یوتھ کارڈ سے نوجوانوں کو مالی مدد پہنچائیں گے، بھوک مٹاؤ پرگرام کو یونین کونسل کی سطح سے شروع کرینگے۔

متعلقہ خبریں