مریم نواز نے کہا ہے کہ سندھ میں 15 سال حکومت کرنے والوں کے پاس بتانے کیلئے 15 منصوبے بھی نہیں، پنجاب میں آکر نواز شریف پرتنقید کرتے ہیں، پنجاب نوازشریف پر تنقید نہیں سنتا۔
مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزرمریم نوازنے لاہورمیں حلقہ این اے 119 کا دورہ کیا اورجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نہ ہم ملک چھوڑکرجائیں گے اورنہ ہی ہمارے بچے، جانتی ہوں اس حلقے میں کیا مسائل ہیں۔ حلقے کے ہر گھر میں خود جانا چاہتی ہوں۔
مریم نوازنے کہا کہ منتخب کیا توحلقےمیں میرا دفترہوگا، آپ سےخود ملاقات کروں گی۔ ووٹ پاکستان کی امانت ہے، سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالنا، اس ووٹ نے ہماری نسلوں کی ترقی کا فیصلہ کرنا ہے، نوازشریف چند دنوں میں اپنا منشوردیں گے۔
چیف آرگنائزرمسلم لیگ ن نے کہا کہ میں نوازشریف کے 1500 منصوبے گنواسکتی ہوں، ایک شخص پنجاب میں آکرکہتا ہے نوازشریف نے منشور نہیں دیا، نوازشریف نے منشوردیا تو اس پرعمل بھی کیا، صرف کاغذ میں نہیں دیا۔ نوازشریف کو جس صوبے میں مینڈیٹ ملا وہاں عوام کی خدمت کی۔
مریم نوازنے کہا کہ نوازشریف کو جس صوبے میں مینڈیٹ نہیں ملا وہاں بھی خدمت کی ، سندھ میں 15 سال حکومت کرنے والوں کے پاس بتانے کیلئے 15 منصوبے بھی نہیں۔ پنجاب میں آکرنوازشریف پر تنقید کرتے ہیں، پنجاب نوازشریف پرتنقید نہیں سنتا، ووٹ کی پرچی صرف پرچی نہیں آپ کے مستقبل کافیصلہ ہوتاہے۔
انھوں نے کہا کہ ن لیگ کے علاوہ دیگر جماعتوں نے کچھ نہیں کیا، دیگرجماعتوں کا ایک کام ہے کہ تنقید کرو الزام لگاؤ، این اے 119 میرا گھر ہے، مجھ پروالد کے ساتھ کھڑے ہونےکا الزام تھا، میں اپنے والد کے ساتھ قدم سے قدم ملا کرچلی، این اے 119 میں آج پہلی بار قدم رکھا، این اے119سےالیکشن کی اجازت لینے آئی تھی، آپ نےفیصلہ سنادیا۔



















