پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک کے چپے چپے پر نوازشریف کی خدمت کے نشان ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے ایبٹ آباد میں ن لیگ کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بہت محنت سے منشور بنایا، ہم نے پورا منصوبہ بنالیا ہے کہ آٹا، چینی، سبزی، دالوں کی قیمتیں کیسےکم کرنی ہے۔نوازشریف نے پلان بنالیا ہے کہ بجلی30 فیصد سستی کیسےکرنی ہے، آپ موقع دیں ہم نوجوانوں کی تقدیر بدلیں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ کیا کینسر اسپتال ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ کیا اورینج ٹرین، میٹرو بس ایبٹ آباد کا حق نہیں؟ قوم جانتی ہےنوازشریف نے جو بھی وعدہ کیا وہ پورا کیا ہے۔ ملک کے چپے چپے پر نوازشریف کی خدمت کے نشان ہیں، دوسرےسوچتے ہیں کہاں جلسہ کریں کہ جہاں نوازشریف کے منصوبے نہ ہوں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ ایک جماعت کی خیبرپختونخوا میں10سال حکومت رہی اس نے اپنا منشور پیش نہیں کیا، کیا خیبرپختونخوا کو پسماندہ رہنا ہے یا پنجاب کی طرح ترقی کرنا ہے۔ عام انتخابات چند دن کی دوری پر ہیں، ایبٹ آباد والوں سوچ سمجھ کرووٹ دینا ہے، نوازشریف نے 22، 22 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔
مریم نواز کا یہ بھی کہنا تھا کہ نوازشریف نے دہشت گردی کوختم کرکے دکھایا، شہدا کی یادگاروں پر حملے کیے گئے، شہداکی یادگاروں پر حملےکرانے والے کے اپنے بچے بیرون ملک میں ہیں، ایک جماعت کی 15 سال حکومت رہی ہے لیکن اسکولوں میں بچوں کی جگہ مویشی بندھے ہوئے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ آج نوازشریف نے اپنا منشور قوم کے سامنے رکھا ہے، منشور کوئی کاغذ کا ٹکرا نہیں بلکہ ایک وعدہ ہوتا ہے، منشور وہ نہیں ہوتا جو ویب سائٹ پر جاری کردیا جائے، بتائیں کیا نواز شریف نے قوم سے ایسا کوئی وعدہ کیا جو پورانہ کیا ہو؟۔



















