اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک بھر کے 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دے دیا۔
ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عام انتخابات کے لئے حساس اور انتہائی حساس قرار دینے والے پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 46 ہزار 65 ہے، الیکشن کمیشن نے 27 ہزار 628 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 18 ہزار 437 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دے دیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز کو حساس 6 ہزار 40 انتہائی حساس قرار دیا جبکہ 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشز کو نارمل قرار دیا۔
اس کے علاوہ سندھ کے 6545 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 6524 انتہائی حساس قرار دیا جبکہ 5937 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا کے 6166 پولنگ اسٹیشنز کو حساس اور 4143 انتہائی حساس قرار دیا جبکہ 5388 پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں کل 5ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز میں سے صرف 961 نارمل ہیں جبکہ 2337 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 1730 انتہائی حساس قرار دیا۔
یاد رہے کہ ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔



















