Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

2017 میں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا ، مریم نواز

مریم نواز نے کہا ہے کہ 2017 میں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا ۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے این اے 130 میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ حلقہ نیا نہیں ہے، آپ سب نواز شریف سے محبت کرنے والے ہیں،2013 میں اس حلقے میں انتخابی مہم کی ذمہ داری مجھ پر تھی، یہ سب گلیاں اور سب بازو میرے آزمائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2017 میں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا، اس پر بیگم کلثوم نواز کو ٹکٹ دیا گیا تو ان کی انتخابی مہم کی ذمہ داری دوبارہ مجھے دی گئی ،2018 میں نواز شریف کا ایک کارکن کھڑا ہوا تو آپ نے اسے ریکارڈ ووٹوں سے جتوایا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ لاہور پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے، نواز شریف کا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں ہے، نواز شریف کا مقابلہ 9 مئی والوں سے ہے، نواز شریف کے دکھوں کی داستانیں لکھی جائیں تو سیاہی ختم ہو جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے آپ کے لئے دکھ اٹھائے، نواز شریف دوبارہ آپ کے لئے انتخابی میدان میں ہیں کیونکہ آپ کے دکھوں کا مداوا کرنا ہے، آج لاہور میں مسلم لیگ ن کے علاوہ کوئی ترقیاتی منصوبہ نہیں بنانے والا۔

مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ووٹ کی پرچی محض ایک پرچی نہیں آپ کے مستقبل کافیصلہ ہے، ہر جانب مسلم لیگ ن کےترقیاتی منصوبے نظر آتے ہیں، ایک ایک ووٹ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے ،8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے،8 فروری کو ہم نے 9 مئی والوں کو ملک سے ہی نکال باہر کرنا ہے۔

متعلقہ خبریں