Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابی نشانات میں ردوبدل؛ الیکشن کمیشن کا کچھ حلقوں میں انتخابات مؤخر کرنے کا عندیہ

اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی نشانات میں ردوبدل کے باعث کچھ حلقوں میں انتخابات مؤخر کرنے کا عندیہ دے دیا۔

بیلیٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کے معاملے پر الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن نے کہا کہ جن حلقوں میں بیلیٹ پیپرز کی دوبارہ چھپائی کروانا پڑ رہی ہے ان کو آخر میں چھاپا جائے گا، دوبارہ چھپائی خصوصی سیکیورٹی کاغذ، پرنٹنگ کارپوریشنز کی استعداد اور وقت کی دستیابی پر منحصر ہو گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کاغذ دستیاب نہ ہوا تو ان حلقوں میں انتخابات موخر کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہ ہو گا، اس مرحلے پر بیلٹ پیپرز کی دوبارہ اشاعت کے لیے کاغذ کی دستیابی اور بروقت چھپائی ایک چیلنج بن گیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ عام انتخابات کے لیے خصوصی کاغذ کی ضرورت 24 سو ٹن تھی، بیلٹ پیپر کا سائز کم کر کے اس ضرورت کو 2170 ٹن تک لایا گیا، 2170 ٹن خصوصی کاغذ صرف ایک مرتبہ چھپائی کے لیے بمشکل کافی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات 8 فروری 2024 کو شیڈول ہیں۔

متعلقہ خبریں