پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے 8 فروری کو پی پی پی کی کامیابی بہت ضروری ہے۔
سابق وفاقی وزیر بلاول بھٹو زرداری نے یومِ یکجہتیِ کشمیر پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے 8 فروری کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے جیت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نفرت و تقسیم کی سیاست کا خاتمہ کرکے قوم کو اتحاد و اتفاق کی طاقت میں پِرونا کشمیر کاز کے لیے ناگزیر ہے، قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کہ شہ رگ قرار دیا تھا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدِ عوام شہید بھٹو نے قائدِ اعظم کے موقف کو آگے بڑھایا، شہید بھٹو نے کہا تھا کہ اگر ہمیں کشمیر کی خاطر ایک ہزار سال تک جنگ لڑنا پڑی تو لڑیں گے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ہر سال 5 فروری کو یومِ یکجہتی کشمیر منانے کا تاریخی فیصلہ کیا۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس فیصلے نے کشمیر کاز کو ناقابلِ تسخیر بنادیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس اقدام کی گونج دنیا کے ہر کونے میں سنائی دیتی ہے۔
مزید پڑھیں: 5 فروری، کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کا دن
انہوں نے کہا کہ میں بھی وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نقشِ قدم پر چلوں گا، انشاء اللہ وزیر اعظم منتخب ہو کر کشمیر کاز کو آگے بڑھاؤں گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ میں دنیا کے ضمیر کو جگاؤں گا کہ وہ کشمیریوں سے کیے گئے اپنے وعدے پورے کرے، شہداءِ کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کشمیری عوام کو بدترین مظالم کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنے حقِ آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھنے پر سلام پیش کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا جارہا ہے، جس کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔
پاکستان میں سب سے پہلے کشمیر سے یکجہتی کا دن 5 فروری کو 1991 سے ہر سال منایا جاتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے اور لاک ڈاؤن کے نفاذ کے باعث اس دن کی اہمیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔



















