پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کراچی والوں نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ سنادیا، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔
بلاول بھٹو زرداری نے داؤد چورنگی پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملیر بھٹو کا تھا، ملیر بھٹو کا ہے اور ملیر بھٹو کا رہے گا، شاندار استقبال پر ملیر والوں نے دل جیت لیا، عوام پیپلزپارٹی کو کراچی سے جتوائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے مخالف نفرت اور تقسیم کی سیاست کرتے ہیں، نفرت اور لسانیت کی سیاست کو ختم کرنا ہوگا، کوئی مذہب، فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرناچاہتا ہے۔
چیئرمین پی پی نے کہا کہ 8 فروری کو تیر پر مہر لگا کرتمام جماعتوں کو جواب دینا ہوگا، عوام کو 300 یونٹ بجلی مفت دلوائیں گے، بی ایس پی کی رقم میں اضافہ اور خواتین کو بلاسود قرضہ دلوائیں گے، 30 لاکھ گھربنائیں گے، کچی آبادیوں کو ریگولرائز کریں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت میں آئے تو عوام کو بینظیر مزدور کارڈ دیں گے، 10 نکاتی ایجنڈا غربت اور مہنگائی ختم کرنے کیلئے ہے، مزدوروں کی آمدنی دگنی کریں گے، کچی آبادی میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دلواؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پرکسی کو ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، کسی نے ڈاکہ ڈالنے کی کوشش کی تو خاموش نہیں بیٹھوں گا، 8 فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔



















