پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان دنیا میں تمام تر تنازعات کا پر امن اور پائیدار حل کا خواہاں ہے۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، مسئلہ کشمیر کا کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل خطے کے امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر طاقت کے استعمال سے تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا، پاکستان مسئلہ کشمیر کے معاملے پر اپنے اصولی موقف پر ہمیشہ قائم رہے گا، پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہکشمیری عوام گزشتہ 7 دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف برسر پیکار ہیں،کشمیر کے آزادی کیلئے کشمیری عوام اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں،بھارت کشمیر عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کو طاقت کے بل بوتے پر کچل نہیں سکتا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی جو داستان رقم کی ہے اسے تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی افواج کی جانب جاری انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی مذمت کرتا ہے۔
راجہ پرویز اشرف کا یہ بھی کہنا تھا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیے، مسئلہ کشمیر کا حل مقبوضہ جموں و کشمیر میں استصواب رائے سے ہی ممکن ہو گا، پاکستان دنیا میں تمام تر تنازعات کا پر امن اور پائیدار حل کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین میں بے دریغ طاقت کے استعمال سے تنازعات کا حل ممکن نہیں ہے، اسرائیل فورسز کی جانب سے فلسطین پر گزشتہ 5 ماہ سے جاری جارحیت اور انسانی سوز مظالم نے پوری دنیا کے انسانوں کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے۔
پرویز اشرف نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل فلسطین میں نسل کشی کا مرتکب پایا گیا ہے، اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین میں بڑے پیمانے پر معصوم بچوں اور شہریوں کے جانی نقصان کی تاریخ میں مثل نہیں ملتی،فلسطین میں جاری اسرائیلی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ اسرائیل کی واحشانہ درندگی اور معصوم بچوں اور شہریوں کا قتل عام دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے، مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے پر امن حل کے بغیر دنیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے، پاکستان دنیا کے تمام علاقائی اور عالمی فورمز پر کشمیری اور فلسطینی عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔



















