Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش اور بوندا باندی کے بعد سردی کی شدت میں معمولی اضافہ ہونے کیساتھ ہی موسم دلفریب بھی ہو گیا۔

شہر قائد کے مختلف علاقوں آئی آئی چندریگر روڈ، ایم اے جناح روڈ، اولڈ سٹی ایریا اور صدر میں بادل برسے۔

علاوہ ازیں سی ویو، کلفٹن، ڈی ایچ اے اور اطراف میں بھی بوندا باندی ہوئی جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

دوسری جانب آئندہ بارہ گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد رہے گا، تاہم شمال مشرقی بلوچستان اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

بالائی پنجاب میں شام اور رات کے اوقات میں سرد ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ پنجاب کے میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند چھائی رہنے کا بھی امکان ہے۔