پاکستان شوبز انڈسٹری کے مشہور و معروف اداکار منیب بٹ نے کہا ہے کہ انہیں خود کی شادی پر بےتحاشہ پیسے خرچ کرنے پر بہت افسوس ہے۔
حال ہی میں اپنے دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکار منیب بٹ سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کو اپنی زندگی کا کوئی واقعہ درست کرنے کا موقع ملا تو وہ واقعہ کونسا ہوں گا؟
جس پر انہوں نے بتایا کہ میں اپنی شادی کی تقریبات کے انداز کو تبدیل کروں گا، زیادہ تقریبات نہیں کروں گا اور نہ ہی شادی پر فضول خرچہ کروں کیونکہ مجھے اب افسوس ہوتا ہے کہ میں نے اپنی شادی پر بےتحاشہ پیسہ خرچ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اب مہنگائی بہت زیادہ بڑھ گئی ہے، پاکستان کی معاشی حالت خراب ہوتی جارہی ہے، لوگ دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں تو میں ان مشکل حالات میں کیسے بڑے پیمانے پر اپنی خوشیوں کا جشن مناؤں۔
انہوں نے کہا کہ میں اب بڑے بڑے ایونٹس نہیں کرتا، صرف بچوں کی خوشی کے لیے سالگرہ کا ایونٹ کرلیتا ہوں، اس کے علاوہ کوئی ایونٹ بڑے پیمانے پر نہیں کرتا۔
خیال رہے کہ منیب بٹ نے سال 2018 میں اداکارہ ایمن خان سے شادی کی تھی جبکہ شادی کی تقریب میں 9 مختلف ایونٹس رکھے گئے تھے۔





















