Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت کی عام انتخابات میں بھرپور شرکت پر عوام کو مبارک باد

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےعام انتخابات میں بھرپور شرکت پرعوام کو مبارک باد پیش کی ہے۔

اپنے ایک پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ میں پاکستان کے عوام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں خاص طور پر خواتین کو جو شدید مشکلات کے باوجود بڑی تعداد میں باہر نکلیں اور جمہوریت کی مضبوطی کے لیے ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان بھی بالخصوص داد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ووٹنگ کے عمل میں پرامن طریقے سے حصہ لے کر ملک کی باگ ڈور سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے، نوجوانوں کا جمہوریت پر یقین، ولولہ اور تعمیر ملت کا عظم انشاللہ تاریخ رقم کرے گا۔

صدر مملکت نے یہ بھی کہا کہ شدید مالی بحران سے نکلنے، مشکل فیصلے کرنے اور ماضی کی تلخیوں کو دور کرنے کیلئے ایک حقیقی مینڈیٹ ضروری تھا جو نظر آرہا ہے، ہمیں اس پُرجوش جذبے کا جشن منانا چاہیے اور دنیا کو پاکستان کا یہ خوبصورت چہرہ دکھانا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ ہمارے شاندار مستقبل میں میرا اعتماد مضبوط ہوا ہے کیونکہ لوگوں نے کُھل کر بڑی تعداد میں اپنی مرضی کا اظہار کیا ہے، میرے شہریوں کے اس عظیم مینڈیٹ کا احترام ہونا چاہیے اور اسے کھل کر تسلیم کرنا چاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاست دانوں، ان کی جماعتوں اور ہمارے اداروں کو اللّٰہ کی طرف سے بھیجے ہوئے اس موقع کو قبول کر کے اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے، بے شک اللہ پاکستان پر بہت مہربان ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہآؤ میرے لوگو، اٹھو اور متحد ہو جاؤ، سب کچھ جوڑ کر تعمیر نو کا کام شروع کرو، دنیا آپ کی منتظر ہے۔

متعلقہ خبریں