Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حافظ نعیم الرحمان کا صوبائی اسمبلی کی نشست سے دستبرداری کا اعلان

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے صوبائی اسمبلی کی نشست سے دستبرداری کا اعلان کر دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں صوبائی حلقہ پی ایس 129 کی سیٹ واپس کرتا ہوں، اس نشست پر پی ٹی آئی آزاد امیدوار سیف باری جیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں خیرات کی کوئی سیٹ نہیں چاہیے، جو جیتیں ہیں ان کو جتواؤ، جماعت اسلامی کو ایک ووٹ بھی ناجائز نہیں چاہیے۔

حافظ نعیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مہم بہت زیادہ مضبوط تھی، بلدیاتی انتخابات سے زائد ووٹ ڈالے گئے، ووٹ جماعت اسلامی اور آزاد امیدواروں کو ملے، بعض جگہوں پر کیمروں کو ہٹایا اور ڈبے بھرے گئے۔

انکا کہنا تھا کہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کی گئی، قوی امکان تھا میئر کراچی کے انتخاب کے بعد جنرل الیکشن میں بھی فراڈ ہوگا، الیکشن کمیشن کو سوچنا ہوگا یہ کیا مذاق ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تباہ حال شہر کو مزید تباہ کرنا چاہتے ہیں، اب قوم میں شعور پیدا ہوگیا ہے، ہم اپنی نسلوں کو تباہ نہیں ہونے دیں گے، ہم لوگوں کو انتہا پسندی کی طرف نہیں لے کر جانا چاہتے، ہم پرامن سیاسی مزاحمت کریں گے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہماری لڑائی عوام کے حق کیلئے ہے، ہم خاموش ہو کر گھر نہیں بیٹھیں گے، قانونی و آئینی جنگ لڑیں گے۔

حافظ نعیم الرحمان نے مزید کہا کہ کراچی شہر کا دل جماعت اسلامی کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہمیں عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتے، ہماری لڑائی اداروں سے نہیں، ہم نظام کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں